Monday, September 16, 2024

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مختلف شہروں میں آج بھی احتجاج کیا گیا

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مختلف شہروں میں آج بھی احتجاج کیا گیا
September 5, 2017

ڈیرہ بگٹی (92 نیوز) برما میں روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں آج بھی احتجاج کیا گیا۔

ڈیرہ بگٹی میں میانمار کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جو حیدر شہید چوک  سے شروع ہو کر الله والی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی اورعوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت برما سے سفارتی تعلقات ختم کرے۔

صوابی میں برما کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے دوران صوابی مردان روڈ کو ہرقسم ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ مظاہرین نے برما کےمسلمانوں پر ہونے والے مظالم بند کر نے کا فوری مطالبہ کیا۔

گھوٹکی میں طلباء اور سیاسی رہنماؤں نے برما کے خلاف مظاہرہ کیا۔ انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام  بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت برما کے خلاف نعرے بازی کی۔

کھپرو میں نجی اسکولوں کے بچوں اور اساتذہ نے برما میں مسلمانوں کے قتل عامہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

خانیوال میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءنے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف ہڑتال کی۔ وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ کندھ کوٹ میں بھی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ بار میں وکلا کا مذمتی اجلاس منعقد ہوا جس میں برما کے مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔