Friday, April 19, 2024

روہنگیا مسلم بچے کی تصویر نے ایلان کُردی کی یادتازہ کردی

روہنگیا مسلم بچے کی تصویر نے ایلان کُردی کی یادتازہ کردی
January 5, 2017

ینگون (ویب ڈیسک) دریا کے کنارے ملنے والی روہنگیا مسلم بچے کی لاش کی تصویر نے ایلان کُردی کی یاد تازہ کردی۔ مسلم خاندان میانمار کی حکومت اور سکیورٹی فورسز کے مظالم سے تنگ آکر بنگلہ دیش جارہا تھا۔ کشتی دریا میں الٹ گئی۔

تفصیلات کے مطابق میانمار سے تعلق رکھنے والے ایک روہنگیا مسلم بچے کی دریا کے کنارے کیچڑ میں لت پت مردہ حالت میں تصویر نے شامی مہاجر بچے ایلان کردی کی یاد تازہ کردی۔ ایلان کردی کی دل دہلا دینے والی تصویر دوہزار پندرہ میں منظرعام پر آئی تھی جو والدین کے ہمراہ ترکی سے یونان جاتے ہوئے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا تھا۔

ننھے ایلان کردی کی لاش تیر کر سمندرکنارے آ گئی۔ اس تصویر نے دنیا کو رلا دیا تھا اور اب بنگلہ دیش اور میانمار کے درمیان سرحدی علاقے میں بہنے والے دریا ناف کے کنارے سے دس ماہ کے برمی بچے کی تصویر منظرعام پر آئی ہے۔

وہ بھی ایلان کردی کی طرح کیچڑ میں لت پت اوندھے میں پڑا ملا ہے۔ یہ بچہ اپنے خاندان کے ہمراہ ایک کشتی پر سوار میانمار سے بنگلہ دیش کی جانب جا رہا تھا لیکن ان کی کشتی دریا ناپ کے بیچ ڈوب گئی۔ اس کشتی پر اس کے خاندان سمیت پینتیس افراد سوار تھے اور وہ میانمار کی فوج اور بودھ انتہاپسندوں کے ظلم وستم سے تنگ آکر اپنا وطن چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوگئے۔