Saturday, May 11, 2024

روپے پر دباؤ بڑھے تو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، وزیراعظم عمران خان

روپے پر دباؤ بڑھے تو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، وزیراعظم عمران خان
November 25, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ روپے پر دباؤ بڑھے تو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، معیشت ترقی کرے تو درآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ میں کمی ہو جاتی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بولے کہ برآمدات بڑھیں گی تو ہی صنعت نمو پائے گی، تارکین وطن نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک سے رقوم کی ترسیل کیلئے سوہنی دھرتی بینکنگ چینل کے استعمال پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولتیں اوران کی ترسیلات زر کیلئے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم نوے لاکھ پاکستانی ملک کی معیشت میں بڑا کردار ادا کررہے ہیں، حکومت ملک کی برآمدات اوردرآمدات کے درمیان خلا کو پُر کرنے میں ان کے کردار کی معترف ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اقدام کے ذریعے مکان خرید سکتے ہیں اور رائیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔