Thursday, April 25, 2024

روف صدیقی کی حفاظتی ضمانت منظور !!! قمر منصور اور ایم کیو ایم کے 3کارکن 90روز کےلئے رینجرز کے حوالے

روف صدیقی کی حفاظتی ضمانت منظور !!! قمر منصور اور ایم کیو ایم کے 3کارکن 90روز کےلئے رینجرز کے حوالے
July 22, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیوایم کے رہنما روف صدیقی کی 6 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ روف صدیقی پر شرانگیز تقاریر کرنے پر مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ایم کیوایم کے رہنما روف صدیقی کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں شرانگیز اور نفرت انگیز تقاریر کرنے پر مقدمات درج ہوئے تھے۔ عدالت نے 29 جولائی کو آئی جی سندھ سے روف صدیقی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ تمام مقدمات میں 20ہزار روپے فی کس کے حساب سے ضمانت منظور کی گئی۔ دوسری جانب ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن قمرمنصور کو رینجرزکی سکیورٹی میں انسداددہشت گردی عدالت پہنچایا گیا۔ ملزم قمر منصور کو آنکھوں پر پٹیاں اور ہاتھوں میں ہتھکڑی لگا کر عدالت لایا گیا۔ ملزم کو راہداری ریمانڈختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما قمرمنصور کو 90روز کیلئے رینجرز کے حوالے کر دیا۔ ملزم قمر منصور کو الطاف حسین کی اشتعال انگیزتقریر کے سہولت کار کے طور پر نائن زیرو سے گرفتار کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ آج ایم کیو ایم کے مزید 3کارکنوں کو 90روز کیلئے رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔