Monday, May 13, 2024

روضہ حضرت امام حسین ؓ کے قریب بھگدڑ مچنے سے 36  زائرین شہید

روضہ حضرت امام حسین ؓ کے قریب بھگدڑ مچنے سے 36  زائرین شہید
September 10, 2019
بغداد ( 92 نیوز) کربلائے معلیٰ میں روضہ حضرت امام حسین ؓکے قریب بھگدڑ مچنے سے 36افراد شہید اور 75زخمی ہوگئے، متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے اور عراقی حکام نے شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ کربلا میں عاشور کے جلوس کے دوران روضہ حضرت امام حسین ؓ کے قریب بھگدڑ مچ گئی، سکیورٹی حکام کا کہنا ہے جلوس کے دوران بھگدڑ کے باعث کئی افراد پاؤں تلے کچلے گئے،میتوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عراقی حکام کے مطابق جلوس کے راستے پر ایک زیرتعمیر سڑک کے گڑھے کو لکڑی کے بلاکس سے ڈھانپ دیا گیا تھا،جب زائرین وہاں پہنچے تو بلاکس ٹوٹ گئے اورلوگ خوفزدہ ہوکر پیچھے کی طرف بھاگنے لگے۔ عراقی وزرات صحت نے بتایا کہ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے اور شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،عینی شاہد نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے صرف ایک شخص کا تعلق ایران سے ہے باقی تمام عراقی شہری ہیں۔ پاکستانی سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی پاکستانی شہری شہید یا زخمی نہیں ہوا تمام کے تمام پاکستانی زائرین محفوظ ہیں،نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم شہادت پر دس محرم الحرام کو دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کربلا میں جمع ہوتے ہیں۔