Sunday, September 8, 2024

روشنیوں کا شہر کراچی آہستہ آہستہ گندگی کے ڈھیر رکھنے والا شہر بن گیا !!! حکام نے آنکھیں بند کر لیں

روشنیوں کا شہر کراچی آہستہ آہستہ گندگی کے ڈھیر رکھنے والا شہر بن گیا !!! حکام نے آنکھیں بند کر لیں
August 23, 2015
کراچی (92نیوز) روشنیوں کے شہر کے حوالے سے شہرت حاصل کرنے والا شہر اب غیرمحسوس طریقے سے گندگی کے ڈھیر رکھنے والا شہر بنتا جا رہا ہے۔ شہر کراچی میں صحت وصفائی کی بدترین صورتحال پر کہنے کیلئے شاید الفاظ باقی نہیں بچے۔ لاچار بے بس شہری غیرانسانی ماحول میں رہنے پر مجبور ہیں اور وزیربلدیات سمیت تمام متعلقہ حکام نے آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گندگی اور غلاظت کے انبار، کوڑے کرکٹ کے ڈھیر، جگہ جگہ سیوریج کا ابلتا غلیظ پانی۔ یہ ہے عروس البلاد کراچی کے مناظر جس کا کوئی والی وارث نہیں۔ فیڈرل بی ایریا ہو یا ، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی ہو یا گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، رنچھوڑ لائن ہو یا شومارکیٹ کے علاقے جن کی گلیاں اور سڑکیں گندگی، کوڑے کرکٹ سے بھری پڑی ہیں جن کوصاف کرنے کو کوئی بلدیاتی ادارہ تیار نہیں اور شہری بھی اب شاید صبر کرکے بیٹھ گئے ہیں۔ تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق کچرا اٹھانےوالی گاڑیوں کےلئے ڈیزل اور پیٹرول کےلئے یومیہ لاکھوں روپے دیئے تو جارہے ہیں مگر تمام فنڈز ان اضلاع کے بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرز سے لے کر چپڑاسیوں میں بٹ جاتے ہیں۔ دوسری جانب شہریوں کی فلاح بہبود کےلئے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ ، وزیربلدیات سید ناصر شاہ اور بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹرشعیب صدیقی کے دعوے دھرے رہ جاتے ہیں جن کو سن سن کر اہالیان کراچی کے کان پک گئے ہیں۔