Thursday, April 25, 2024

روشنی کا شہر ایک بار پھر اندھیرے میں، کے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، متعدد گرڈ سٹیشن بند، پانی کی سپلائی معطل

روشنی کا شہر ایک بار پھر اندھیرے میں، کے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، متعدد گرڈ سٹیشن بند، پانی کی سپلائی معطل
July 8, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ روشنیوں کا شہر ایک بار پھر اندھیرے میں ڈوب گیا اور شہریوں نے سحری اندھیرے میں کی تو دھابیجی، گھارو اور پپری پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی سپلائی معطل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈر فریکوئنسی آپریشن کے دوران دو سو بیس کے وی ٹرانسمیشن کی لائن میں خرابی سے رات نو بجے بن قاسم پاور پلانٹ ٹرپ کر گیا جس سے شہر کے متعدد گرڈ اسٹیشن بند ہو گئے۔ سپلائی بند ہونے سے گارڈن، گلشن اقبال، صدر، نمائش، طارق روڈ، لائنز ایریا، لیاقت آباد، ڈیفنس، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد سمیت شہر کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ ترجمان کے الیکٹرک نے بن قاسم پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے فوری بعد دو سے چار گھنٹوں میں بجلی کی بحالی کا دعویٰ کیا لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہ تھا۔ رات ایک بجے کے الیکٹرک کے ترجمان نے پھر مژدہ سنایا کہ بجلی بحال کر دی گئی ہے لیکن اس کے چند ہی منٹ بعد جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت شہر کے باقی ماندہ علاقوں کی بجلی بھی غائب ہو گئی۔ بجلی کی بندش کے سبب واٹر بورڈ کی بہتر انچ قطر کی مین پائپ لائن پھٹ گئی۔ ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش سے دھابیجی، گھارو اور پپری پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی کی سپلائی معطل ہو گئی جس سے بجلی کے بعد شہر کو پانی کے بھی شدید بحران کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔