Friday, April 26, 2024

روسی طیارہ مصر کے صحرا میں گر کر تباہ ہو گیا‘ 224 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

روسی طیارہ مصر کے صحرا میں گر کر تباہ ہو گیا‘ 224 افراد کی ہلاکت کا خدشہ
October 31, 2015
قاہرہ (ویب ڈیسک) روسی مسافر طیارہ صحرائے سینا میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ طیارے میں دوسوسے زائد مسافر سوار تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایئربس A321 جہاز نے بحیرہ احمر کے کنارے پر واقع سیاحتی مقام شرم الشیخ سے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کے لیے پرواز بھری تھی۔ پرواز کے 23منٹ بعد ہی جہاز مصری ایوی ایشن کے کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا جس کے تھوڑی دیر بعد اطلاعات آئیں کہ مسافر طیارہ گر گیا ہے۔ جہاز روسی فضائی کمپنی کوگلیماویا سے تھا اور اس میں دوسوسے زائد مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ ابتدا میں مسافر طیارے کے لاپتہ ہونے کے بارے میں متضاد اطلاعات تھیں لیکن مصر کے وزیر اعظم آفس نے طیارہ گرنے کی تصدیق کردی۔ طیارے میں زیادہ تر روسی سیاح سوار تھے۔ دوسری جانب مصری وزیراعظم ہاﺅس نے حادثے سے متعلق کابینہ سطح کی ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرنے والے ایک اہلکار نے مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت تمام 224 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ خراب موسمی حالات کے پیش نظر امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارے کو مار گرائے جانے کے شواہد ابھی تک نہیں ملے ہیں۔ واضح رہے کہ صحرائے سینا کا شمالی علاقہ شدت پسندوں اور داعش سے وابستہ جنگجوﺅں کا گڑھ کہلاتا ہے۔