Friday, April 19, 2024

روسی صدر نے وزیراعظم سے سابقہ حکومتوں کے غیرسنجیدہ رویے کا شکوہ کیا

روسی صدر نے وزیراعظم سے سابقہ حکومتوں کے غیرسنجیدہ رویے کا شکوہ کیا
June 18, 2019
بیجنگ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ روسی صدر نے وزیراعظم سے سابقہ حکومتوں کے غیرسنجیدہ رویے کا شکوہ کیا اور کہا ماضی میں پاکستان نے اس سطح پر رابطہ نہیں کیا جس سطح پر ہونا چاہئے تھا۔ وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات نے جہاں بھارتی صفوں میں ہلچل مچادی وہیں اس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس پاکستان اور روس کو ایک دوسرے کے قریب لے آیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کی بہترین سفارتکاری نے دونوں ملکوں کے درمیان جمی دہائیوں پرانی برف پگھلا دی اور اب دوستی کے نئے دور کا آغاز ہونے کو ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ملاقات کے دوران روسی صدر نے سابق حکومتوں کے غیر سنجیدہ رویئے کا شکوہ کیا۔ پیوٹن نے بتایا ماضی میں پاکستان نے کبھی اس سطح پر رابطے کی کوشش ہی نہیں کی۔ روسی صدر نے کہا پاکستان اور روس کے درمیان آخری اعلیٰ سطح کا رابطہ پرویز مشرف کے دور میں ہوا تھا۔ دوسری طرف وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر اتفاق کیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی تنہائی کا شکار رہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کو روس، چین دیگر ملکوں کے سربراہان نے بھرپور پروٹوکول دیا۔ پاکستان کی اس عظیم سفارتی کامیابی کو بھارتی سفارتکاروں کے منہ پر طمانچہ قرار دیا جارہا ہے۔