Saturday, May 18, 2024

روسی صدر نے میرے پیغام کی تصدیق کر دی، وزیراعظم عمران خان

روسی صدر نے میرے پیغام کی تصدیق کر دی، وزیراعظم عمران خان
December 24, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے روسی صدر پیوٹن نے میرے پیغام کی تصدیق کر دی۔

وزیراعظم عمران خان نے پیوٹن کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ ٹویٹ کیا نبی پاکﷺکی  شان اقدس میں گستاخی "آزادی اظہار" نہیں، اس پیغام کو غیر مسلم دنیا کے رہنماؤں تک پہنچانا چاہئے۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس کے حوالے سے روسی صدر کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ فضل الرحمٰن نے ٹویٹ میں لکھا عالم اسلام  روسی صدر کے اس موقف کی تائید کرتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ  وسلم کی حرمت و تقدس آفاقی ہے۔ روسی صدرکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے مولانا فضل الرحمان کے  ٹویٹ کے جواب  میں کہا ‏کھلے دل کے ساتھ مسلم اُمّہ کے اس لیڈر کا بھی شکریہ ادا کریں۔ عمران خان نے نبی کریم ﷺکی شان اقدس کی حرمت کا مدعا پوری دنیا کے سامنے رکھا۔ فواد چوہدری نے کہا آج ولادیمیر پوٹن جیسے عالمی رہنما عمران خان کی ان کاوشوں کے نتیجے میں اس مسئلے پر دو ٹوک رائے دے رہے ہیں۔

قبل ازیں روسی صدر پیوٹن کا نیوز کانفرنس کے دوران کہنا تھا

پیغمبر اسلامﷺ کی شان اقدس میں گستاخی، آزادی اظہار رائے نہیں۔ ایسی حرکت مسلمانوں کی بھی  توہین ہے۔ اس طرح کے اقدامات نفرت اور انتہا پسندی کو ہوا دے سکتے ہیں۔ روسی صدر نے فرانسیسی جریدے چارلی ہبڈو کو توہین آمیز خاکے شائع کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔