Friday, May 3, 2024

روسی راکٹ کو خلائی سٹیشن پر بھیجنے کیلئے بیکانور خلائی مرکز پہنچا دیا گیا

روسی راکٹ کو خلائی سٹیشن پر بھیجنے کیلئے بیکانور خلائی مرکز پہنچا دیا گیا
December 14, 2015
ماسکو (ویب ڈیسک) روس کا سویوز راکٹ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے مشن پر روانگی کی تیاری کے سلسلے میں ہینگر سے باہر لا کر قازقستان کے بیکانور خلائی مرکز پر پہنچا دیا گیا ہے۔ روس کا سویوز ٹی ایم اے نائنٹین ایم خلائی راکٹ کل بیکا نور کے کاسمو ڈروم سے عالمی خلائی سٹیشن کیلئے روانہ ہو گا جو ناسا کے ٹم کوپر، روس کے یوری مالین شنکا اور برطانوی خلاباز ٹم پیک کو عالمی خلائی سٹیشن پر لے جائیگا۔ ٹم پیک دس سال میں عالمی خلائی مشن پر جانیوالے پہلے برطانوی خلا باز ہیں۔ نئی ٹیم کے ارکان عالمی خلائی سٹیشن پر موجود روس کے سرگئی ولکوف ، میخائل کورینکو اور ناسا کے سکاٹ کیلی کے ساتھ مل جائیں گے۔ تینتالیس سالہ میجر پیک کی اہلیہ انجیلا اور والد نائجل پیک بھی قازقستان میں موجود ہیں۔ اس سے پہلے برطانیہ کی ہیلن شرمین انیس سو اکانوے میں خلائی مشن پر گئی تھیں۔ میجر پیک دو بچوں کے باپ ہیں۔ سویوز راکٹ تین سو پانچ ٹن وزنی ہے جو چھے گھنٹے میں خلائی سٹیشن پر پہنچ جائیگا۔ جم پیک کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جہاں وہ روانگی سے پہلے پریس کانفرنس کریں گے۔