Wednesday, April 24, 2024

روس پیچھے رہ گیا !!! بھارت کے امریکہ سے دفاعی معاہدے 10ارب ڈالر تک پہنچ گئے

روس پیچھے رہ گیا !!! بھارت کے امریکہ سے دفاعی معاہدے 10ارب ڈالر تک پہنچ گئے
July 13, 2015
لاہور (92نیوز) بھارت جنگی جنون میں پیسہ پانی کی طرح بہانے لگا، مودی سرکار نے امریکہ سے ایک ارب ڈالر کے جاسوس طیارے خریدنے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد امریکہ روس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت کا سب سے بڑا دفاعی پارٹنر بن گیا۔ آٹھ سال میں دس ارب ڈالر کے معاہدے کیا بھارت میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو کوئی فائدہ پہنچا پائیں گے ؟ بھارتی میڈیا کے مطابق پے درپے دفاعی معاہدوں ، اسلحہ خریدنے کے آرڈرز کے بعد امریکہ بھارت کا سب سے بڑا دفاعی شراکت کار بن گیا ہے۔ آٹھ سال میں لگ بھگ دس ارب ڈالر مالیت کا جنگی سامان خریدا گیا۔ اب بھارت کی نظریں ہیں امریکی ساختہ جاسوس پی 81طیاروں پر جس کے حصول کےلئے معاملات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ طیاروں کا یہ معاہدہ ایک ارب ڈالر مالیت کا ہوگا جو رواں سال کی سب سے بڑی دفاعی ڈیل ہوگی۔ اس حوالے سے مذاکرات نئی دہلی میں ہونگے۔ رپورٹس کے مطابق بھارت تامل ناڈو سمیت مشرقی علاقوں میں امریکی تعاون سے اسلحہ پلانٹ بھی لگانے جا رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق حد سے زیادہ اسلحہ خریدنے کا رجحان خود بھارت کے اندر عوامی احتجاج کو طول دے سکتا ہے کیونکہ غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزارنے والے ایک تہائی عوام کو طیاروں کی گن گرج نہیں روٹی چاہیے۔