Friday, March 29, 2024

روس نے یوکرین کی سرحد پر فوج جمع کرلی

روس نے یوکرین کی سرحد پر فوج جمع کرلی
December 12, 2021 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) یوکرین کے تنازع سے عالمی جنگ کے خطرات بڑھنے لگے، روس نے یوکرین کی سرحد پر فوج جمع کرلی۔ امریکا نے بھی روسی حملے کی صورت میں یوکرین فوج بھیجنے کا اعلان کردیا۔

یوکرین کے تنازع پر امریکا اور یورپ روس کے خلاف متحد ہوگئے، امریکی صدرجوبائیڈن نے روسی صدرپیوٹن پر واضح کردیا کہ روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ مغربی انٹیلی جنس حکام کے مطابق یہ جنگ پورے یورپ میں پھیل جائے گی۔

مغربی انٹیلی جنس حکام کے مطابق روس کی ایک لاکھ فوج اس وقت یوکرین کی سرحدوں پر موجود ہے جنوری تک یہ تعداد پونے دو لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ایڈمرل سر ٹونی ریڈکن نے صحافیوں کو بتایا کہ یوکرین پر حملے کے بدترین نتائج نکل سکتے ہیں جو یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد نہیں دیکھے گئے۔

روس یہ یقین دہانی چاہتا ہے کہ یوکرین کو کبھی بھی نیٹو کا حصہ نہ بنایا جائے اور نیٹو ممالک یوکرین میں مستقل فوجی اڈے قائم نہ کریں۔ جرمن چانسلر شولز اور نیٹو جنرل سیکرٹری سٹولٹن برگ نے روسی مطالبہ مسترد کردیا ہے۔