Friday, March 29, 2024

روس نے حلب پر بمباری نہ روکی تو مذاکرات ختم کر دینگے : جان کیری

روس نے حلب پر بمباری نہ روکی تو مذاکرات ختم کر دینگے : جان کیری
September 29, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب کو تنبیہ کی ہے کہ روس نے شام کے شہر حلب پر بمباری نہ روکی تو امریکہ شام کے معاملے پر مذاکرات ختم کر دے گا۔ تفصیلات کے مطابق جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لارووف سے ٹیلی فون پر بات کی اور کہا کہ وہ امریکہ اور روس کے درمیان شام میں جنگ بندی پر اسی ماہ طے پانے والے معاہدے کو معطل کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ حلب میں شامی فوج کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے اب تک ایک ہفتے کے دوران دو سو سے زیادہ عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ شامی فوجیں حلب میں عام شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچا کر شہر سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی تھیں۔ حلب میں تقریباً ڈھائی لاکھ عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔