Thursday, April 25, 2024

روس نے ترکی پر اقتصادی پابندیاں لگا دیں

روس نے ترکی پر اقتصادی پابندیاں لگا دیں
November 29, 2015
ماسکو (ویب ڈیسک) روس نے ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ روسی صدر ولادی میر پوتن نے ترکی پر معاشی پابندیوں کے حکم نامے پر دستخط کیے جس کے تحت ترکی سے درآمدات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کی جانب سے شام کی سرحد پر روسی جنگی طیارہ گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بڑھ گی ہے۔ ترک صدر نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار تو کیا تاہم انہوں نے روسی مطالبے کے باوجود معذرت نہیں کی ہے۔ روس ترکی کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے جبکہ گزشتہ برس کے اعدادوشمار کے مطابق 30 لاکھ سے زائد روسی سیاح ترکی گئے تھے۔ روسی صدر کے ترجمان کے مطابق تقریباً 90 ہزار ترک باشندے روس میں کام کرتے ہیں۔ اگر کام کرنے والوں کے خاندانوں کو بھی شامل کیا جائے تویہ تعداد دو لاکھ تک ہے۔ روسی صدر کے حکم نامے میں ٹور آپریٹرز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ترکی سامان بیچنے سے پرہیز کریں جبکہ روس نے ترکی کے لیے ویزا فری سروس کو بھی معطل کر دیا ہے۔