Wednesday, April 24, 2024

روس میں کورونا وائرس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

روس میں کورونا وائرس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
May 12, 2020

ماسکو ( 92 نیوز) روس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسزنے ان ممالک کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی  جہاں ابھی کورونا وائرس کا پہلا فیز چل رہاہے، گزشتہ 10 روز میں روس میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں میں کورونا کی تصدیق نے حکومت کی نیندیں حرام کردی ہیں۔

ایسے وقت میں جب کورونا وائرس  کی گرفت امریکا اور یورپی ممالک میں کم ہو رہی ہے ، ایشیا ئی ممالک خصوصاً روس میں معاملات گھمبیر صورتحال کرتے جا رہے ہیں۔

روس اور پاکستان میں کورونا وائرس   کی انٹری تقریباً ایک ساتھ ہوئی ۔اسی لیے دونوں ممالک میں وقت گزرنے کےساتھ ساتھ کیسز کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ۔

روس میں  یومیہ 10ہزارکیسز رپورٹ ہور ہے ہیں،اسی طرح حالیہ دن میں روس میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 2لاکھ 32ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ آج مزید 107ہلاکتوں کے بعد روس میں کورونا وائرس سے مرنےوالوں کی تعداد 2116ہو گئی ۔

کیسز کی شرح کے اعتبار سے پاکستان اور روس میں کافی مماثلت پائی جارہی ہے۔روس میں چونکہ یومیہ ٹیسٹوں کی تعداد ایک لاکھ ہو چکی ہے اس کے برعکس پاکستان میں یومیہ ٹیسٹوں کی تعداد مشکل سے بیس ہزار ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹوں کی تعداد بڑھی تو خدانخواستہ کورونا کیسز کی تعداد روس کے برابر جا سکتی ہے۔