Sunday, September 8, 2024

روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ‘ عملے کے 7 ارکان سمیت 62 افراد ہلاک

روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ‘ عملے کے 7 ارکان سمیت 62 افراد ہلاک
March 19, 2016
ماسکو (ویب ڈیسک) روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں عملے کے سات ارکان سمیت باسٹھ افرادہلاک ہو گئے۔ طیارہ تباہ ہونے کی ابتدائی وجہ موسم کی خرابی کو قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فلائی دبئی ائیرلائنز کی پرواز بوئنگ سیون تھری سیون، ایٹ ہنڈرڈ پر متحدہ عرب امارات سے روس جانے والے مسافروں کا یہ سفر آخری سفر ثابت ہوا۔ فلائی دبئی ایئر لائنز کی پرواز روستوف آن دون کے ایئر پورٹ پر اترتے ہوئے کریش کر گئی جس سے اس میں سوار مسافر اور عملے کے ارکان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایئر ٹریفک کنٹرول اور مقامی ایمر جنسی حکام نے طیارے کے حادثے میں تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حکام نے ابتدائی تحقیقات میں طیارہ گرنے کی وجہ موسم کی خرابی بتائی ہے جبکہ مارے جانے والے افرادمیں روس، یوکرائن، ازبکستان اور بھارت کے شہری شامل ہیں۔ روستوف آن دون ائیرپورٹ پر ہلاک افراد کے ناموں کی فہرست بھی آویزاں کر دی گئی ہے۔