Saturday, April 27, 2024

روس میں امن مشن مشق 2021 اختتام پذیر ہو گئیں

روس میں امن مشن مشق 2021 اختتام پذیر ہو گئیں
September 25, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) روس میں امن مشن مشق 2021 اختتام پذیر ہو گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کے دستوں نے حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے تحت روس میں امن مشن کے نام سے تربیتی مشقیں اختتام پذیر ہو گئی ۔ کثیرالملکی فوجی مشقوں امن مشن 2021ء کی اختتامی تقریب روس میں منعقد ہوئی ۔ روسی سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کمانڈر کرنل جنرل الیگزینڈر لاتن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا بھی امن مشقوں میں شریک ہوئے۔ جنرل ندیم رضا نے ایس سی او ممالک کے چیفس آف جنرل اسٹاف کے اجلاس میں شرکت کی ۔ فورم نے علاقائی و بین الاقوامی جیو سیاسی صورتحال پر غور کیا۔ فورم نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے تناظر میں جیو سیاسی ماحول کو جانچا۔ دنیا کے مختلف خطوں میں دہشتگردوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے فورم سے خطاب میں کہا کہ پاکستان علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے تنظیم کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا ۔ جنرل ندیم رضا نے عالمی امن کے لیے پاکستانی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے انسداد دہشتگردی کی جنگ میں کلیدی قربانیاں دیں۔ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پرامن افغانستان پورے خطے کے لیے فائدہ مند ہو گا۔

جنرل ندیم رضا کی روسی فیڈریشن کے چیف آف جنرل سٹاف اور پیپلز لبریشن آرمی کے چیف آف جوائنٹ سٹاف سے بھی ملے ۔۔ جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان چین اور روس کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان دونوں ممالک سے دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔