Friday, March 29, 2024

روس سے درآمد کردہ روئی کی لاکھوں گانٹھیں تنازع کاشکار

روس سے درآمد کردہ روئی کی لاکھوں گانٹھیں تنازع کاشکار
November 24, 2018
فیصل آباد ( 92 نیوز) روس سے درآمد کی جانے والی روئی کی لاکھوں گانٹھیں تنازع کا شکار ہو گئیں، مخصوص کنٹینرز کے ذریعے مال نہ منگوانے پر گانٹھوں میں کیڑے، مکوڑوں اور سنڈیوں کی بھرمار کا خدشہ ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق اس روئی کا استعمال اور اس کے بیج سے پیداوار حاصل کرنے کی کوشش خطرناک ثابت ہوگی ۔ پاکستان روئی پیدا کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے لیکن رواں سال پیداوار 14 اعشاریہ 37 ملین گانٹھوں کا ہدف حاصل نہ کر سکی جس پر امپورٹرز نے روئی کی 4 لاکھ گانٹھیں روس سے درآمد کر لیں۔ مال واہگہ اور طور خم بارڈر پر پہنچ گیا لیکن حکومت کی طرف سے اجازت نامے کا منتظر ہے ۔ روئی ہمیشہ بحری راستے سے لائی جاتی ہے اور مخصوص کنٹینرز کا استعمال ضروری ہوتا ہے، لیکن اس کی پرواہ نہ کی گئی جس سے روئی میں کیڑے مکوڑوں اور سنڈیوں کی بھرمار کا خدشہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس روئی کا استعمال خطرناک، اور اس کے بیج سے پیداوار حاصل کرنے کی کوشش بھی تباہ کن ہوگی۔ زرعی ماہرین کہتے ہیں کہ لاکھوں روپے ڈیوٹی ادا کرنے سے بچنے کیلئے بحری راستے کا انتخاب نہیں کیا گیا، درآمد شدہ گانٹھیں کھلنے سے قبل پنڈورا بکس کھل گیا جس سے مستقبل میں روئی کی پیداوار کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔