Friday, May 3, 2024

روس آگ کیساتھ کھیلنے سے باز رہے: اردگان

روس آگ کیساتھ کھیلنے سے باز رہے: اردگان
November 28, 2015
انقرہ (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے روس کوخبردارکرتے ہوئے کہا کہ ماسکو آگ سے نہ کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے پیرس میں روسی ہم منصب سے ون آن ون ملاقات کرکے غلط فہمیاں دورکرنے کی کوشش کریں گے۔ روسی صدرنے ترک ہم منصب سے ملاقات سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شامی سرحد پر روسی طیارہ مار گرانے کے بعد سے ترکی اور روس کے درمیان سرد جنگ تھمنے کانام نہیں لے رہی۔ دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے ایک بیان میں روس کوانتباہ کیاہے کہ روس آگ سے نہ کھیلے۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ روس شام کی ریاستی دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔ شام کی حکومتی دہشت گردی کی وجہ سے تین لاکھ اسی ہزارمعصوم افراد مارے گئے۔ دوسری جانب روسی صدارتی ترجمان نے ترک صدرکی روسی ہم منصب سے ملاقات کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ صدارتی ترجمان نے کہاکہ ترکی طیارہ گرانے پرمعافی مانگنے کےلئے تیار نہیں اس لیے ملاقات نہیں ہوسکتی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے آئندہ ہفتے پیرس میں روسی ہم منصب سے ملنے کی درخواست کی تھی۔ ادھرروسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے ماسکومیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئندہ سال یکم جنوری سے ترک شہریوں کے لیے فری ویزے کی سہولت ختم کرنے کااعلان کردیا ہے۔