Thursday, March 28, 2024

روزہ داروں کیلئے خوشخبری !!! ملک بھر میں آج رات سے پری مون سون بارشیں برسیں گی

روزہ داروں کیلئے خوشخبری !!! ملک بھر میں آج رات سے پری مون سون بارشیں برسیں گی
June 20, 2015
لاہور (92نیوز) گرمی کے ستائے روزہ داروں کےلئے خوشخبری ہے کہ آج شام سے ملک میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائیگا جو جمعرات تک جاری رہے گا۔ بارشوں کی وجہ سے گرمی کی شدت کم ہوجائیگی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ لاہور میں بھی مطلع ابرآلود ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج رات سے بالائی پنجاب، زیریں سندھ اور کشمیر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو اگلے ایک سے دو روز کے دوران ملک کے دیگر علاقوں تک پھیل جائیگا۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا تاہم آج رات کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مردان، سرگودھا، میرپور خاص ڈویژن اور بالائی فاٹا میں بھی چند مقامات بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی بھکر میں پڑی جہاں درجہ حرارت48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔