Tuesday, April 16, 2024

روزنامہ 92 نیوز کی خبر پر ہیلی کاپٹر دھونے کیلئے ٹربائن لگانے کا منصوبہ ختم

روزنامہ 92 نیوز کی خبر پر ہیلی کاپٹر دھونے کیلئے ٹربائن لگانے کا منصوبہ ختم
October 31, 2019
لاہور (روزنامہ  92 نیوز ) روزنامہ 92 نیوز کی خبر پر ایکشن ، پنجاب حکومت نےو زیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر اور ائیر کرافٹ جیٹ کو دھونے کے لئے پرانے ائیرپورٹ پر 56 لاکھ کی لاگت سے لگائے جانے والی ٹربائن کا منصوبہ ختم کر دیا۔ پنجاب حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے ایکشن لیتے ہوئے منصوبے کو ختم کر دیا  اور فیصلہ کیا کہ پہلے سے کام کرنے والے ٹیوب ویل سے کام چلایا جائے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ  حکومتی اخراجات میں سادگی پالیسی کے تحت منصوبہ لگانے کا جواز نہ تھا جس کی وجہ سے اب اس کو ختم کر دیا گیا ہے ۔ روزنامہ 92 نیوز نے اس حوالے سے گزشتہ روز خبر شائع کی تھی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ پنجاب حکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر اور بیچ جیٹ دھونے کیلئے 56لاکھ کی لاگت سے پرانے ائیرپورٹ پر ٹربائن لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ کے استعمال کیلئے روس سے 4 ارب 47 کروڑ سے جدید ہیلی کاپڑ ایم آئی 172 اپریل 2017میں خریدا تھا ۔اس ہیلی کاپٹر آرام دہ سیٹیں، ائرکنڈیشن یونٹ، واش روم، اور وی وی اؔٓئی پی  کیبن بنایا گیاتھا۔ ہیلی کاپٹر میں عملے کے 4 افراد سمیت 14 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ پنجاب حکومت کے ایک سینئر افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی اصل قیمت ایک ارب اور 40 کروڑ ہے ، باقی کے اخراجات اس کی ترسیل، ضروری ترامیم، عملے کی تربیت، لینڈنگ، ساتھ رہنے والے عملے کی رہائش، مراعات، سکیورٹی اور کسٹم کی مد میں ادا کئے گئے ۔