Thursday, May 2, 2024

روزانہ واک کریں، پولیو سے بچاﺅ کا سرٹیفکیٹ اپنے پاس رکھیں!!! عازمین حج کو ہدایات جاری

روزانہ واک کریں، پولیو سے بچاﺅ کا سرٹیفکیٹ اپنے پاس رکھیں!!! عازمین حج کو ہدایات جاری
July 1, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ فریضہ حج پر جانے سے قبل عازمین حج روزانہ واک کو اپنی عادت بنا لیں تاکہ دوران حج انہیں تکلیف کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایات دی ہیں کہ فریضہ حج پر جانے سے قبل ہی روزانہ دو تین کلومیڑ کی واک کو اپنی عادت بنا لیں تاکہ دوران حج طواف کرنے اور چلنے میں زیادہ تکلیف کا سامنا نہ ہو۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو بیمار عازمین حج اپنے ساتھ ادویات لے کر جانا چاہیں وہ متعلقہ حاجی کیمپوں میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں اپنی ادویات کو سیل بند کراوئیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے پیکنگ نہ ہونے کی صورت میں ادویات لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ عازمین حج کو کہا گیا ہے کہ دیسی ادویات،سیرپ اور پاو¿ڈر جیسی ادویات لیکر جانا منع ہے۔ سعودی عرب میں منشیات لیکر جانے کی صورت میں سخت سزائیں دی جاتی ہیں اس لئے عازمین حج کسی قسم کی نشہ آور اشیاءلیکر جانے سے گریز کریں۔ دل، بلڈ پریشر اور شوگر کے مریضوں کیلئے ہدایت ہے کہ پیک کی گئی ادویات کے علاوہ اپنے ساتھ چند گولیاں احتیاطاً اپنی جیب میں رکھ کر لے جاسکتے ہیں تاہم پیک کی گئی ادویات کو جدہ ائیرپورٹ سے نکلنے تک کھولنے کی کوشش نہ کی جائے۔ عازمیں حج کو گردن توڑ بخار،فلو اور پولیو ویکسین بھی دی جائی گی۔ اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ عازمین حج پولیو فری اور گردن توڑ بخار سے بچاو¿ کا سرٹیفکیٹ لازمی طور پر اپنے پاس رکھیں۔ دوسری صورت میں انہیں سعودی عرب پہنچنے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔