Friday, May 10, 2024

روزانہ تین ہزار کلو گرام طبی فضلہ فروخت ہونیکا انکشاف

روزانہ تین ہزار کلو گرام طبی فضلہ فروخت ہونیکا انکشاف
September 9, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد میں روزانہ  3 ہزار کلوگرام سے زائد طبی فضلہ سرعام فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔  بڑے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں خطرناک اور زہرآلود میڈیکل ویسٹ کو جلانے کے محدود انتظامات ہونے کے باعث  بیشترفضلہ پلاسٹک کا سامان بنانے والی فیکٹریوں کو فروخت کیا جا رہاہے۔ فیصل آباد میں 16 سرکاری اور 50 کے قریب نجی اسپتال ہیں لیکن انسینریٹرز صرف سات ہیں ۔   حد تو یہ کہ ان میں سے بھی صرف پانچ کارآمد ہیں جبکہ صورتحال اتنی خراب کہ روزانہ تین ہزار کلوگرام سے زائد میڈیکل ویسٹ پلاسٹک بنانے والے کارخانوں کو سرعام فروخت کرنے کا گندہ دھندا کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کارخانوں میں اسپتالوں کی استعمال شدہ ڈرپس، سرنجوں، بلڈ اور یورن بیگز سمیت دیگر فضلے سے روز مرہ استعمال ہونیوالی پلاسٹک کی اشیاء بنائی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق اسطرح تیار کی جانیوالی اشیاء کینسر سمیت دیگرمہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث ہیں لیکن اس مافیہ کو لگام ڈالنے والا محکمہ ماحولیات خواب غفلت کے مزے لے رہا ہے۔ پنجاب سرکار کی جانب سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اسپتالوں کی نگرانی کرنے کی ذمہ داریاں دی گئیں لیکن سب بیکار نظر آتا ہے ۔ دوسری جانب محکمہ ماحولیات بھی بغیر لائسنس فضلہ اٹھانے والی کمپنیوں کا سدِ باب کرنے میں ناکام ہے۔