Monday, May 6, 2024

روزانہ آدھی مٹھی خشک میوہ جات کھائیں !!! موت کو دور بھگائیں

روزانہ آدھی مٹھی خشک میوہ جات کھائیں !!! موت کو دور بھگائیں
June 11, 2015
ایمسٹرڈیم (ویب ڈیسک) ہالینڈ میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر ہر روز آدھی مٹھی کے برابر خشک میوہ جات جن میں اخروٹ، بادام، کاجو، پستہ اور مونگ پھلی وغیرہ شامل ہیں، کو کھایا جائے تو کافی حد تک جلد موت کا خطرہ ٹل جاتا ہے۔ اس سے قبل کی جانے والی تحقیقات میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ خشک میوے کا استعمال دل کی تندرستی کےلئے اچھا ہوتا ہے۔ ماسٹرکٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے دس سالہ تحقیق میں ان افراد کا مشاہدہ کیا جو روزانہ کم ازکم دس گرام خشک میوہ کھاتے تھے۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ان افراد میں موت کا خطرہ 23 فیصد کم رہا۔ ماہرین کے مطابق مونگ پھلی کے مکھن کے استعمال کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ اس میں نمک اور مصنوعی چربی ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں ہالینڈ کے 12 ہزار افراد جن کی عمر 55 برس سے 69 برس کے درمیان تھی کو شامل کیا گیا۔ 1986ءمیں ان افراد کے طرز زندگی اور خوراک کے استعمال کی عادات کو اکٹھا کیا گیا۔ دس سال کے بعد ان 12 ہزار مردو خواتین میں موت کی اوسط شرح کا مشاہدہ کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ خشک میوے کا استعمال کرنے والے افراد میں کینسر، شوگر، سانس کی بیماریوں اور اعصابی نظام کی تباہی کے باعث موت کا خطرہ کم پایا گیا۔ ان افراد میں مجموعی طور پر اس عمر کے دیگر لوگوں کی نسبت جلد موت کا امکان 23 فیصد کم رہا۔ اعصابی بیماریاں 45 فیصد کم رہیں، سانس کی بیماری کا 39 فیصد کم پائی گئی جبکہ شوگر کے مرض کا خطرہ 30 فیصد کم رہا۔ یہ تحقیق بین الاقوامی جرنل ”ایپی ڈیمیالوجی“ میں چھپی ہے۔