Sunday, September 8, 2024

روبوٹس نے مختلف شعبوں میں ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں

روبوٹس نے مختلف شعبوں میں ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں
March 16, 2016
ماسکو (ویب ڈیسک) عموماً ایسے ہوتا ہے کہ جب کسی ہوٹل میں جانے کا اتفاق ہو تو ایک استقبالیہ کلرک آگے بڑھ کر خوش آمدید کہتا ہے مگر یہ دن بھی پرانے ہونے والے ہیں کیونکہ اب ہوٹل میں داخل ہوتے ہی استقبال روبوٹ کیا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق جاپان دنیابھر میں روبوٹ ٹیکنالوجی میں ترقی کرنے والا بڑا ملک ہے اور وہاں پر ہوٹلوں میں استقبالیہ کلرکوں اور دیگر ملازموں کی جگہ روبوٹ تیزی سے لیتے جا رہے ہیں۔ جاپانی ہوٹلوں میں روبوٹس اب ویٹرز کے طور پر بھی متعارف کرائے جانے لگے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اپنے فرائض نہایت تن دہی سے انجام دیتے نظر آتے ہیں۔ اب یہ عین ممکن ہے کہ آپ کسی ہوٹل میں پہنچیں تو آپ کو خوش آمدید کہنے والا بھی روبوٹ ہو اور آپ کے کمرے کی الیکٹرانک چابی بھی کوئی روبوٹ ہی آپ کے حوالے کرے۔ پھر آپ کو ہوٹل میں وائی فائی کا پاس ورڈ بتانے والا بھی کوئی انسان نہیں بلکہ روبوٹ ہی ہو۔ خیال رہے کہ جرمن دارالحکومت برلن میں ایک آئی ٹی نمائش میں دنیابھر سے آنے والے افراد کو ان کی مادری زبان میں خوش آمدید کہنے والے روبوٹ ہی تھے۔ ٹوکیو جانے کا اتفاق ہو تو وہاں بہت سارے شعبوں حتیٰ کہ شاپنگ سنٹروں میں بھی روبوٹس چلتے پھرتے نظر آتے ہیں۔ جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی توشیبا کا کہنا ہے کہ مستقبل میں سیاحت کی صنعت میں ہر طرف روبوٹس دکھائی دینے لگیں گے کیوں کہ اس شعبے میں ان کا مستقبل نہایت روشن ہے۔ robot