Sunday, May 5, 2024

روایتی ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا : بھارتی ڈپٹی آرمی چیف

روایتی ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا : بھارتی ڈپٹی آرمی چیف
November 25, 2016

 سرینگر(92نیوز)کشمیریوں کی  آزادی کیلئے بے مثال قربانیوں نے بھارتی جرنیلوں کو بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا بھارتی ڈپٹی آرمی چیف کہتے ہیں روایتی ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنا  پڑے گا ،دیرینہ مسئلے کا حل مذاکرات  سے ہی  ممکن ہے۔

تفصیلات کےمطابق نہتے کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے طاقت کے نشے میں دھت بھارتی جرنیلوں کو  بھی مؤقف تبدیل کرنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی فوج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل سبھرتا سہا نے  مقبوضہ کشمیر میں امن سے متعلق سیمینار میں تسلیم کیا بندوق کی طاقت سے کشمیریوں  کو دبایا نہیں جا سکتا اور مسئلہ کشمیر روایتی  ہٹ دھرمی چھوڑ کر ہی حل کیا جا سکتا ہے۔  کشمیر میں آج نوجوانوں کا ہی کنٹرول ہے اور ان کی کہی کوئی بھی بات حکم کا درجہ رکھتی ہے خطے میں پائیدار اور مستقل امن کیلئے روایتی مؤقف چھوڑ کر مذاکرات اور مفاہمت کی سوچ اختیار کرنا ہو گی  اورمسئلہ کا  آؤٹ آف باکس حل تلاش کرنا ہو گا۔

کشمیری نوجوان برسوں سے نامساعد حالات کا شکار ہیں اور اب وہ اصل مدعی بن گئے ہیں، اب کشمیر کا مسئلہ ان کی سوچ کے مطابق حل کرنا ہوگا اور ان کی بات ماننا پڑے گی ۔

لیفٹیننٹ جنرل سہا نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اب کسی نئے اور منفرد حل کے بارے میں سوچا جائے۔  اصل منزل دائمی امن ہونی چاہئے اور اس تک پہنچنے کے لئے  بات چیت اور مفاہمت کا راستہ اپنانا ہوگا۔

 جنرل سہا نے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تمام سیاسی اور غیر سیاسی صاحب الرائے شخصیات امن کی بحالی کے لئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دے رہی  ہیں۔