Monday, May 20, 2024

رواں ماہ شاہدخاقان سمیت اہم شخصیات کی گرفتاری کا امکان

رواں ماہ شاہدخاقان سمیت اہم شخصیات کی گرفتاری کا امکان
July 3, 2019
اسلام آباد(روزنامہ 92 نیوز )حکومتی اور اپوزیشن کی اہم شخصیات کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے معاملے میں نیب کے ریڈار پر آگئیں،رواں ماہ شاہد خاقان عباسی سمیت اہم شخصیات کی گرفتاری کا امکان ہے ۔ جوالائی کے مہینے میں بڑی شخصیات کو گرفتار کئے جانے کا قوی امکان ہے ۔ نیب کی جانب سے جعلی اکائونٹس، ایل این جی اور مالم جبہ کیس میں اہم شخصیات کو گرفتار کئے جانے کا امکان ہے ، رواں ماہ ممکنہ طور پر گرفتار ہونے والوں میں حکومتی اور اپوزیشن کی شخصیات شامل ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق جولائی میں جعلی اکائونٹس، ایل این جی اور مالم جبہ کیس میں اہم پیشرفت کا امکان ہے ،جولائی میں حکومت اور اپوزیشن کی اہم شخصیات کو گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔جعلی اکائونٹس کیس میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں ،اس حوالے سے متعدد ریفرنسز دائر کیے جا چکے ہیں۔ آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نیب کی تحویل میں ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،سابق وزیر اعظم سید یو سف رضا گیلانی سمیت پی پی پی کے اہم رہنماتفتیش کے حوالے سے نیب کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے خلاف ڈیڑھ سال سے ایل این جی ٹرمینل کے ٹھیکہ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، رواں ماہ نیب کی جان سے ان کی گرفتاری کا بھی امکان ہے ۔اسی طرح سے مالم جبہ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور خیبر پختونخواکی اہم حکومتی شخصیات کو طلب کر کے ان کے بیان ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ مالم جبہ کیس میں 275ایکڑ سرکاری زمین قواعد کے خلاف نجی کمپنی کو لیز پر دی گئی،اس زمین کی لیز 33سال کے لیے کی گئی جس سے سرکاری خزانے بھاری نقصان پہنچا۔