Tuesday, April 23, 2024

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 14.96 ارب ڈالر ہوگیا

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 14.96 ارب ڈالر ہوگیا
February 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 14 اعشاریہ 96 ارب ڈالر ہوگیا۔ گزشتہ سال تجارتی خسارے کا حجم 13 اعشاریہ 80 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے تجارتی اعدادوشمار جاری کردیئے، رواں مالی سال جولائی سے جنوری تجارتی خسارہ 8 اعشاریہ 27 فیصد مزید بڑھ گیا۔

ملکی برآمدات پانچ اعشاریہ 53 فیصد اضافے سے14 اعشاریہ 24 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات نو اعشاریہ 92 فیصد اضافے سے 29 اعشاریہ 20 ارب ڈالر رہیں، جس سے تجارتی خسارہ بڑھ کر 14 اعشاریہ 96 ارب ڈالر سے زائد ہو گیا، گزشتہ سال تجارتی خسارے کا حجم 13 اعشاریہ 80 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جنوری میں ملکی برآمدات آٹھ اعشاریہ 11 فیصد اضافے سے دو اعشاریہ 13 ارب ڈالر رہیں جبکہ جنوری میں درآمدات 14 اعشاریہ 85 فیصد اضافے سے چار اعشاریہ 73 ارب ڈالر رہیں، جنوری میں تجارتی خسارہ 21 اعشاریہ 3 فیصد اضافے سے دو اعشاریہ 60 ارب ڈالر رہا۔