Thursday, March 28, 2024

رواں سال کم بارش سے کینو کی پیداوارمتاثر

رواں سال کم بارش سے کینو کی پیداوارمتاثر
January 14, 2017

سرگودھا (92نیوز) سرگودھا کا کینو پوری دنیا میں اپنے منفرد ذائقے کے باعث ایک الگ شناخت رکھتا ہے مگر اس سال بارشیں نہ ہونے سے کینو اپنے روایتی ذائقے سے محروم ہے جبکہ بہترین تیار مال بھی دوسرے ملکوں میں برآمد کرنے کے باعث مقامی مارکیٹ میں ہلکی کوالٹی کا کنو نظر آ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی مٹی ترشاوہ پھلوں کینو، مسمی، چکوترا و دیگر کی پیداوار کیلئے بہترین ہے۔ پنجاب میں ساڑھے چار لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر باغات موجود ہیں جس کا 80 فیصد سے زائد سرگودھا میں کاشت ہوتا ہے۔ کینو ایک برآمدی پھل کا درجہ اختیار کر چکا ہے جس کے باعث اعلی کوالٹی کو برآمد کر دیا جاتا ہے۔

اس بار بارش کم ہونے اور گرمی کے زیادہ وقت رہنے سے کینو کی پیداوار متاثر ہوئی ہے جس سے کنو کا روایتی ذائقہ پھیکا پڑ گیا۔ یہی وجہ ہے کہ فصل کم ہونے سے اعلی کوالٹی کا کینو برآمد اور ہلکی کوالٹی کا کنو مارکیٹ میں آیا ہے۔ 20لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کا حامل علاقہ اب برآمدات بڑھنے سے اپنے روایتی پھل سے محروم ہوتا جارہا ہے۔

بارشیں نہ ہونے پر کم پیداوار کے باعث کینو مارکیٹ میں اپنا روایتی رنگ نہیں جما سکے اور مہنگائی کی دوڑ میں شامل ہوکر عوام کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔