Thursday, April 25, 2024

رواں سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان

رواں سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان
May 13, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) رواں سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے حج کا حتمی اعلان بھی نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب رمضان المبارک کے بعد حج سے متعلق حتمی فیصلہ کریگا۔ وزارت مذہبی امور نے ایک مرتبہ پھر سعودی وزارت حج سے رابطہ کیا اور حج بارے استفسار کیا۔ سعودی حکومت نے پاکستانی حکام کو جواب دیا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ صورتحال جیسے ہی بہتر ہوتی ہے تمام مسلم ممالک کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور حکام کہتے ہیں کہ حج سے متعلق جو ایس او پیز ہونگے اس کے مطابق پاکستان اپنے انتظامات مکمل کرے گا۔ یہ بھی بتایا کہ اگر ایک کمرے میں ایک شخص کو رکنے کی اجازت ہوئی تو حج مذید مہنگا ہو جائیگا۔ وزارت مذہبی امور کے حکام کا کہنا ہے کہ رمضان کے بعد حج کرانے کا فیصلہ ہوا تو ہنگامی طور پر انتظامات کرنا ہونگے۔ رواں سال پاکستان سے ایک لاکھ، 79 ہزار، 210 پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کرنا ہے جس کیلئے وزارت مذہبی امور نے قرعہ اندازی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔