Wednesday, April 24, 2024

رواں سال برآمدات نے اٹھارہ فیصد اضافے کے ساتھ نیا ریکارڈ بنایا ، رزاق داؤد

رواں سال برآمدات نے اٹھارہ فیصد اضافے کے ساتھ نیا ریکارڈ بنایا ، رزاق داؤد
July 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا ہے رواں سال برآمدات نے اٹھارہ فیصد اضافے کے ساتھ نیا ریکارڈ بنایا۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں برامدات پچیس ارب تیس کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ جون کے مہینے میں برآمدات کا حجم دو ارب ستر کروڑ ڈالرز رہا- برآمدات کے حوالے سے برآمد کنندگان نے کمال کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حتمی اعدادوشمار آنے تک سروسز اور گڈز کی برامدات تاریخی سطح پر ہوں گی۔

مشیر تجارت نے بتایا کہ اس سال بجٹ میں چار ہزار ٹیرف لائنز میں تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا بیالیس فیصد درآمدات پر زیرو ڈیوٹی ہے ۔ آئندہ برسوں میں خام مال پر ٹیرف میں مزید کمی کریں گے۔

عبد الرزاق داود نے بتایا کہ وزارت تجارت کا وفد 14 جولائی کو ازبکستان کا دورہ کرے گا اور ازبکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ اور ترجیحی تجارت کے معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ انشااللہ افغانستان ٹھیک ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ بھی یہی معاہدے کریں گے۔ درآمدات کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ 2019-20 میں درآمدات 44 ارب ڈالرز تھیں جو گزشتہ سال بڑھ کر 56 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں۔ گندم اور چینی کی درآمد پر ایک ارب بیس کروڑ ڈالرز خرچ کئے گئے۔

مشیر تجارت نے کہا کہ خام مال کی درآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسکا مطلب انڈسٹری کا پہیہ چل رہا ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر برآمدات میں 18.85 فیصد ، نیٹ وئیر 32 فیصد ، بیڈ وئیر 24 فیصد ، فارماسیوٹیکلز برآمدات میں 27 اور سرجیکل آلات 17 فیصد اضافہ ہوا۔ کاپر اور اس سے بنی مصنوعات کی برآمدات میں 44 فیصد اضافہ ہوا۔ چاول کی برامدات 8 فیصد ، کاٹن یارن دو فیصد ، پلاسٹک گڈز اور اس سے بنی مصنوعات کی برامدات میں چھ فیصد کمی ہوئی ہے۔

مشیر تجارت نے کہا کہ جی ایس پی پلس پر بات چیت چلتی رہتی ہے ، میرا نہیں خیال کہ جی ایس پی پلس پر کوئی مسئلہ ہے ۔ بھارت کے ساتھ تجارتی پالیسی وہی ہے جو وزیر اعظم نے کہا ہے۔