Wednesday, April 24, 2024

رواں برس پولیو کے 100 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں

رواں برس پولیو کے 100 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں
July 20, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بھر میں رواں برس  پولیو کے100 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں،ایک بچہ لاہور میں وفات بھی پاگیا، خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کے سب سے زیادہ 62 مریض سامنے آئے۔

پولیو کا ملک کے مستقبل پر وار جاری ہے ،  بچوں کو عمر بھر کی معذوری کا شکار کرنے والا وائرس رواں سال 100سے زائد بچوں کو شکار بناچکا ہے، لاہور میں ایک بچہ پولیو سے جاں بحق ہوگیا تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے دیگر امراض کا شکار بھی تھا۔

کوششوں کے باوجود خیبرپختونخوا سے پولیو کا خاتمہ نہ ہو سکا، رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 62 تک پہنچ گئی، ابتدائی دو ماہ میں58 جبکہ 19 مارچ سے اب تک صرف 4 کیس رپورٹ ہوئے۔

انسداد پولیو حکام کے مطابق خیبرپختونخوا  میں رواں سال41 کیسز پولیو وائرس ٹائپ ٹو کے سامنے آئے،سب سے زیادہ 12 کیسز لکی مروت سے رپورٹ ہوئے ۔ ٹانک سے 4، جنوبی وزیرستان، کرک سے 2، 2 اوربنوں سے ایک کیس رپورٹ ہوا۔

سندھ میں پولیو وائرس کے20کیسز سامنے آئے، بلوچستان میں 15کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سب سے کم پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آئے جن کی تعداد صرف چار ہے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔