Sunday, May 19, 2024

رواں برس ایک لاکھ 84000 پاکستانی حجاج کرام فریضہ ادا کر رہے ہیں

رواں برس ایک لاکھ 84000 پاکستانی حجاج کرام فریضہ ادا کر رہے ہیں
August 19, 2018
ریاض (92 نیوز) رواں سال سرکاری اور نجی حج سکیموں کے تحت ایک لاکھ چوراسی ہزار پاکستانی حجاج کرام فریضہ ادا کررہے ہیں ۔ انکو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جائے تو یہ گزشتہ سالوں کی نسبت  زیادہ اطمینان بخش ہیں۔ پاکستانی عازمین  فریضہ حج کے دوران کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں اس کیلئے پاکستان حج مشن کی جانب سے خصوصی اتنظامات کیے گئے ہیں ۔ ڈی جی حج ڈاکٹر یوسف یوسفانی کا کہنا ہے کہ اس برس دوران حج آدھے پاکستانیوں کو منٰی میں بینکرز کے اندر ہی رہائش فراہم کی گئی ہے جہاں ان کو بیڈز اور دیگر سہولیات دی جاہیں گی۔ ٹرانسپورٹ ، کھانے کے لئے بھی موسسہ جنوبی ایشیا کو فی کس حاجی کے حساب سے 880 ریال کی ادائیگی کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ 162 پاکستانی ڈاکٹروں کی ٹیم اور پیرمیڈیکل سٹاف کے پانچ سو افراد ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ مناسک حج میں قربانی ایک اہم جز ہے جس کے ساتھ حجاج نے احرام کھول دینا ہوتا ہے۔ پاکستانی حج مشن کے مطابق سرکاری حج اسیکم کے 57 ہزار حجاج کیلئے قربانی کے جانوروں کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکٹر ایک تا سات کے 46 ہزار حجاج کی قربانی نماز عصر سے قبل اور باقی کی عشاء تک مکمل کر لی جائے گی ۔