Saturday, May 4, 2024

رمیز راجہ نئے چیئرمین پی سی بی ہونگے، وزیر اعظم نے منظوری دیدی

رمیز راجہ نئے چیئرمین پی سی بی ہونگے، وزیر اعظم نے منظوری دیدی
August 26, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دیدی، اسدعلی خان کو بھی پی سی بی گورننگ بورڈ کا ممبر بنادیا گیا۔

پی سی بی میں مانی نہیں راجہ کا راج ہوگا، احسان مانی کی چھٹی، رمیز راجہ نئے چیئرمین پی سی بی ہوں گے۔ پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خا ن نے اسد علی خان اور رمیز راجہ کی پی سی بی گورننگ بورڈ میں نامزدگی کی منظوری دیدی ہے۔

گورننگ بورڈ کے ارکان رائے شماری کے ذریعے رمیز راجہ کا انتخاب کریں گے۔

رمیز راجہ نے غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹر ویو دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ قبول کر نے کی تصدیق کر دی، رمیز راجہ کا کہنا تھا وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے عہدہ دیئے جانے سے آگاہ کیا گیا۔ کرکٹ کی بہتری کیلئے میرے پاس کئی پلان ہیں۔

رمیز راجہ اور احسان مانی نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ جس میں 76 سالہ احسان مانی نے مزید کام کرنے سے معذرت کی تھی۔ رمیز راجا نے وزیر اعظم کو پی سی بی کے حوالے سے اپنا پلان پیش کیا تھا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ 2003-04 میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو بھی رہے۔ ایچی سن کالج لاہور کے فارغ التحصیل رمیز راجہ نے بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم بھی حاصل کررکھی ہے، وہ عمران خان کی زیر قیادت 1992کا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے،اسوقت انہیں معروف کرکٹ کمنٹیٹرکا درجہ حاصل ہے۔