Saturday, April 20, 2024

رمضان کے آخری ہفتے کیلئے شاپنگ مالز کو 24 گھنٹے کاروبار کی اجازت دی جائے ، سراج قاسم تیلی

رمضان کے آخری ہفتے کیلئے شاپنگ مالز کو 24 گھنٹے کاروبار کی اجازت دی جائے ، سراج قاسم تیلی
May 17, 2020
 کراچی (92 نیوز) سراج قاسم تیلی کا کہنا ہے رمضان کے آخری ہفتے کیلئے شاپنگ مالز کو 24 گھنٹے کاروبار کی اجازت دی جائے۔ اس سے رش کا مسئلہ حل ہو گا۔ سراج قاسم تیلی نے اعتراف کیا کہ دکانداروں نے ایس او پیز کو نظرانداز کرکے وعدوں کی پاسداری نہیں کی ۔ آئندہ ماہ پیر سے جمعرات تک کاروبار کی اجازت دی جائے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار لاک ڈاؤن برقرار رکھا جائے ۔ کراچی میں آل سٹی تاجر اتحاد نے کہا ہے کہ 18 مئی سے چاند رات تک مارکیٹیں 24 گھنٹے کیلئے کھول دی جائیں گی، صرف تاجروں پر ہی SOP’s پر عمل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، کراچی کے تاجروں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے، مارکیٹوں میں  رش صرف عید تک ہے۔ اس کے بعد صورتحال نارمل ہو جائے گی۔ ادھر مرکزی سیکرٹری جنرل انجمن تاجران پاکستان نعیم میر نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے ایس او پیز ہمارے ساتھ مشاورت سے نہیں بنائے۔ ہم نے کہا تھا کہ ریٹیل مارکیٹ کو 24 گھنٹے کھولا جائے۔ ریاست ایک بڑے محاذ پر ناکام ہوئی ہے۔ کورونا پر حکومت کے بیانیے کو عوام نے مسترد کر دیا۔ حکومت نے عوام کو شاپنگ کی اجازت دی جس پر عوام اتنی تعداد میں باہر آئی ہے۔ حکومت نے ہر وہ طریقہ اور تدابیر اختیار کی جس سے رش زیادہ ہو۔