Friday, April 26, 2024

رمضان میں کراچی میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائیگی، شہباز شریف

رمضان میں کراچی میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائیگی، شہباز شریف
April 22, 2018
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے دورہ کراچی کے دوران کہا کہ  رمضان المبارک میں  کراچی میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے کل ہی اس معاملے پر بات کروں گا ، موقع ملا تو کراچی میں ییلو ، بلیو ،اورنجاور گرین لائن منصوبے لگائیں گے ۔ شہباز شریف نے کراچی کو نیویارک بنانے کا اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد  کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے  ، یہ سب کا شہر ہے میڑوبس اور تعلیم نہ ہوتو امن قائم نہیں رہے سکتا۔ پیپلز پارٹی اورپی ٹی آئی ایک ہی ہیں۔ بلدیہ میں جوشیلا خطاب کرتے ہوئے  شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ 6 ماہ میں کراچی کو گندگی سے پاک کرکے لاہور جیسا بنادیں گے۔کچھ ہی دیر بعد خادم اعلیٰ اپنا بیان بھول گئے اور  بہادرآباد جاکر کراچی کو نیویارک بنانے کا دعویٰ کردیا ۔ شہباز شریف نے اہلیان کراچی سے بھی وعدہ پورا نہ ہونے کی بنیاد پر نام بدلنے کا کہہ دیا۔ شہباز شریف اس سے قبل عام انتخابات 2013 سے قبل ملک بھر سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ تین ماہ میں ختم کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں ۔ شہباز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آکر تین ماہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو میرا نام شہباز شریف سے بدل کر کچھ اور رکھ لینا۔ مسلم لیگ ن اقتدار میں بھی آئی اور پانچ سال کی حکومت ختم ہونے میں اب تقریباً ڈیڑھ ماہ باقی ہے ، جبکہ شہباز شریف کے دعوے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا دور دور تک کوئی  پتہ نہیں ۔