Wednesday, April 24, 2024

رمضان میں عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار

رمضان میں عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار
April 6, 2021

ریاض (92 نیوز) رمضان میں عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار دے دی گئی۔ احتیاطی تدابیر کے ساتھ نمازیوں کی تعداد میں بھی اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ماہ صیام کے دوران اگر عمرہ کرنا ہے یا حرمین شریفین کی زیارت کی سعادت حاصل کرنی ہے تو کورونا نیگیٹیو رپورٹ اور ویکسین کرانا لازمی ہوگی۔

سعودی حکومت نے نئے ایس او پیز جاری کردیئے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق یکم رمضان 13 اپریل سے مسجدالحرام میں عمرہ اور نمازکی ادائیگی، مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کیلئے اجازت نامہ لینا ضروری ہے۔

اجازت نامے اِن اُمیدواروں کو دیئے جائیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز لے چکے ہوں گے یا پہلی ڈوز کو چودہ دن گزر چکے ہوں، کورونا کو شکست دینے والے افراد بھی اجازت نامہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہوا تو عمرہ زائرین اور نماز پڑھنے والوں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے جبکہ عمرہ، نماز اور زیارت کے اجازت نامے سرکاری ایپس کے ذریعے حاصل کئے جاسکیں گے۔