Wednesday, May 8, 2024

رمضان شوگر ملز کیس ، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو آج حاضری سے استثنا مل گیا

رمضان شوگر ملز کیس ، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو آج حاضری سے استثنا مل گیا
May 11, 2019
 لاہور (92 نیوز) آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو آج حاضری سے استثنا مل گیا۔ آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان شوگر مل ریفرنس پر احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سماعت کی۔ دوران سماعت احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کمرہ عدالت میں موجود ہیں؟ جس پر دونوں کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف علاج کی غرض سے ملک سے باہر ہیں جبکہ حمزہ شہباز کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے لہذا عدالت حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلا سے استفسار کیا کہ کیا شہبازشریف دو ہفتوں تک وطن واپس آجائیں گے جس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کروا دی ہیں۔ ڈاکٹرز نے مزید علاج معالجے کے لیے انہیں بیرون ملک رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ شہبازشریف خود عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہی۔ نیب کے وکیل وارث جنجوعہ نے دوران سماعت اعتراض اٹھایا کہ شہبازشریف ملزم ہیں پھر بھی عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر گئے۔ عدالت شہبازشریف کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے شہباز شریف کو واپس لانے کا حکم دے۔ عدالت نے آشیانہ ریفرنس اور رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو طلب کر لیا۔