Tuesday, May 14, 2024

رمضان شوگر ملز کیس ، شہباز شریف ، حمزہ شہباز 11 جون کو طلب

رمضان شوگر ملز کیس ، شہباز شریف ، حمزہ شہباز 11 جون کو طلب
June 5, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 11 جون کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے رمضان شوگر مل ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے حمزہ شہباز کو پیش نہ کیا جس پر عدالت نے ایس پی ہیڈکوارٹرز کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر حال میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے شہباز شریف کے نمائندے کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر شہباز شریف ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ عدالت نے حکم دیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی کمرہ عدالت موجودگی میں رمضان شوگر ملز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے دونوں باپ بیٹے کو گیارہ جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب آشیانہ ریفرنس پر ملزمان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور شہباز شریف کے شریک ملزم شاہد محمود کے وانٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چار ماہ میں ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ لہٰذا آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی پیشی کو یقینی بنایا جائے تاخیر کس صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس دوران احتساب عدالت نے حمزہ شہبازکیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ سکینڈل کیس کی سماعت اٹھارہ جون تک ملتوی کر دی۔