Monday, May 13, 2024

رمضان شوگر ملز کیس، حمزہ شہباز عدالت پیش،شہباز شریف کی استثنیٰ کی درخواست

رمضان شوگر ملز کیس، حمزہ شہباز عدالت پیش،شہباز شریف کی استثنیٰ کی درخواست
April 23, 2019

لاہور ( 92 نیوز ) احتساب عدالت لاہور  میں رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت ہوئی ، عدالت نے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی ۔عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر لیا جو اپنے بیانات قلمبند کروائیں گے۔

احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کی سماعت  جج سید نجم الحسن بخاری نے کی ، حمزہ شہباز عدالت پیش ہوئے جب کہ شہباز شریف کی جانب سے علاج کے لئے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف بیرون ملک  گئے ہیں ،  جس پر شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں ۔

عدالت کہا کہ کیا شہباز شریف کو عدالتی اجازت کے بغیر ملک سےباہر جانا چاہئے تھا۔

وکیل شہباز شریف نے کہا کہ  موکل کا نام ہائیکورٹ کے حکم پر ای سی ایل سے نکالا گیا ہے ،  8 مئی تک چیک اپ کرانا ہے  اس لئے تین ہفتوں کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ۔

جج نے ریمارکس دیے کہ یہ تو کوئی بات کہ باہر جا کر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھیج دی گئی ، عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

دوران سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے  حمزہ کے عدالت سے جانے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو جانے کی اجازت دے دی ۔