Sunday, May 12, 2024

رمضان شوگر ملز اسکینڈل، حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں یکم دسمبر تک توسیع

رمضان شوگر ملز اسکینڈل، حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں یکم دسمبر تک توسیع
November 17, 2020

لاہور (92 نیوز)احتساب عدالت لاہور میں رمضان شوگر ملز اسکینڈل  کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے حمزہ شہباز  کے ریمانڈ میں یکم دسمبر تک توسیع کر دی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ہوم سیکرٹری اور ایس پی ہیڈ کوارٹر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز اسکینڈل کی سماعت احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اسد علی نے کی ، حمزہ شہباز شریف کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ شہباز شریف  اس کیس میں مستقل حاضری سے استثنیٰ پر ہونے کے باعث حاضر نہ ہوئے ۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر اس کیس میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے ،ملزمان   صحت جرم سے انکار کر چکے ہیں ۔

ریفرنس میں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نامزد کیا گیا ہے ۔ نیب کی جانب سے عدالت میں کیس کا ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے جس کے مطابق  سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر رمضان شوگر مل کے لیے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے کا الزام ہے۔