Thursday, March 28, 2024

رمضان شوگر ملز اسکینڈل، شہباز شریف اور حمزہ پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی

رمضان شوگر ملز اسکینڈل، شہباز شریف اور حمزہ پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی
July 1, 2020

لاہور ( 92 نیوز) شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر رمضان رمضان شوگر ملز  اسکینڈل میں فردجرم آج بھی عائد نہ ہوسکی، شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی ، سماعت چھ اگست تک ملتوی  کر دی گئی ۔ نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ لاہورہائیکورٹ کو بھی شہبازشریف پر شک ہے اس لیے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز سے ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا ۔

لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز،منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت،حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ شہباز شریف کورونا وائرس کی آرڑ لے کر آج بھی پیش نہ ہوئے

لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو آج طلب کر رکھا تھا،لیکن شہباز شریف پیش نہ ہوئے،اپوزیشن لیڈر کے وکیل کی جانب سے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔

عدالت نے استفسار کیا کورونا کا مریض تین ہفتوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے شہباز شریف پیش کیوں نہیں ہوئے،اصولی طور پر انہیں عدالت میں پیش ہونا چاہئے اپوزیشن لیڈر اسپتال میں ہیں نہ ہی وینٹی لیٹر پر۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹروں کے معائنے کے مطابق شہباز شریف کا ٹیسٹ دو جولائی کو ہو گا،عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کی استدعا پر سماعت تین ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز عدالت پیش ہوئے،عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس بارے استفسار کیا،پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف سے ضروری تفتیشی کے بعد ریفرنس دائر کردیں گے۔

عدالت نے حمزہ شہبازکے جوڈیشل ریمانڈ میں پندرہ جولائی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔