Monday, May 13, 2024

رمضان شوگر مل کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی، ایک گواہ پر جرح مکمل

رمضان شوگر مل کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی، ایک گواہ پر جرح مکمل
February 9, 2021

لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت میں رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل حکام کی جانب سے پیش کیا گیا۔ عدالت میں ایک اور گواہ کا بیان قلمبند، ایک پر جرح مکمل کی گئی۔ مزید گواہ آئندہ سماعت پر طلب کرلیے گئے۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر مل کیس کی سماعت کی، عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیش کیا گیا۔

وکیل امجد پرویز کے وقت پر نہ آنے پر شہباز شریف نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے آنے پر سماعت شروع کی جائے، اس پر عدالت نے کہا امجد پرویز کے آنے تک گواہ کا بیان قلمبند کرتے ہیں تاکہ عدالت کا وقت ضائع نہ ہو امجد پرویز اؔئیں تو جرح کرلیں۔

گواہ کے بیان ریکارڈ کرنے کےدوران ن لیگی رہنما طاہر خلیل سندھو اور پراسکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، تاہم عدالت نے شہباز شریف کو مخاطب کیا کہ آپ کے وکیل ہیں تو باقی کیوں بول رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا ہم انصاف لینے آئے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پورا انصاف ملے گا کارروائی چلنے دیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کو تنقیدی نشانے پر لے لیا اور کہا ناکامیوں کا دو سال سے زائد وقت این آر اونہ دینے کی گردان میں گزر گیا۔ ان کے پاس ہر ناکامی کا ایک ہی جواب ہے این آر او نہیں دوں گا۔

عدالت نے ایک مزید گواہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت چوبیس فروری تک ملتوی کردی۔