Friday, May 10, 2024

رمضان شوگر مل کیس ، حمزہ شہباز 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

رمضان شوگر مل کیس ، حمزہ شہباز 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
July 5, 2019
 لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پنجاب کے اپوزیشن لیڈر اور ملک کے سب سے بڑے ایوان کے قائد حزب اختلافات  احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت کرتے ہوئے احتسات عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے مزید سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کے متعلق تفتیشی رپورٹ پیش کر دی۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی تو عدالت نے استفسار کیا کہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کس لیے چاہیے؟ نیب پراسیکیورٹر کا کہنا تھا کہ کچھ افراد سے حمزہ شہباز کی موجودگی میں تفتیش کرنی ہے، رمضان شوگر ملز کے سی ایف او سمیت دیگر افراد سے تفتیش باقی ہے۔ اس پر حمزہ شہباز کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ جن افراد کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں وہ نیب میں پیش ہو رہے ہیں۔ کمپنی کے سی ایف او کا آج تک کہیں بھی نام نہیں آیا۔ کمپنی کو میاں شریف اور عباس شریف دیکھتے رہے جو دونوں ہی اس دنیا میں اب نہیں ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے رمضان شوگر مل کیس میں بھی شہباز شریف کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی جس پر وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ رمضان شوگر کیس میں ایک ایم پی اے کو فائدہ پہنچانے کی بات میں صداقت نہیں ، مولانا رحمت اللہ نے جو درخواست جمع کروائی وہ اس کیس سے ہٹ کر ہے۔ شہباز شریف کا عدالت میں کہنا تھا کہ میں جو حقائق عدالت کو بتاؤں گا وہ  ثابت کریں گے کہ کیس جھوٹا ہے۔ میں دنیا کا خطرناک ترین انسان ہوں گا مگر اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں عوامی خدمت میں کوئی بے ایمانی نہیں کی۔ دوسری جانب پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔