Monday, May 13, 2024

رمضان شو گر ملز ریفرنس، حمزہ شہباز کی عدم پیشی پر عدالت کا اظہارِ برہمی

رمضان شو گر ملز ریفرنس، حمزہ شہباز کی عدم پیشی پر عدالت کا اظہارِ برہمی
October 31, 2020
لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کے موقع پر حمزہ شہباز عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے حکومت پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات، سی سی پی او لاہور اور ایس پی ہیڈ کوارٹر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نومبر کو ذاتی حثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ حمزہ شہباز عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پوچھا کہ  ملزم حمزہ شہباز کیوں پیش نہیں ہوئے؟۔ ڈپٹی سپرٹینڈنٹ جیل نے بتایا کہ ملزم نے بکتر بند گاڑی دیکھ کر عدالت میں  آنے سے انکار کر دیا ہے۔ جس پر فاضل جج کا کہنا تھا کہ کیا اب ملزمان کی مرضی ہوگی کہ وہ عدالت پیش ہوں یا نہ ہوں؟۔ کیا اب ملزم کی پسند ہوگی کہ وہ کونسی  گاڑی میں آنا چاہتا ہے اور کونسی میں نہیں؟۔ سینکڑوں ملزمان عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں کیا وہ بھی پسند کی گاڑی کی ڈیمانڈ کرتے ہیں؟۔ جیل حکام کہاں ہیں کیا انکی ذمہ داری نہیں بنتی کہ وہ ملزم کو عدالت میں پیش کریں؟۔ اِدھر 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کا فرعونیت اور نمرودیت پر مبنی رویہ قابل مذمت ہے۔ حمزہ شہباز بکتر بند گاڑی کی بجائے شاید لیموزین، مرسیڈیز یا چارٹرڈ طیارے سے عدالت جانا چاہتے ہیں۔ شاید وہ بھول گئے ہیں کہ وہ کھربوں ڈالر کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے سرٹیفائیڈ ملزم اور مجرم ہیں۔ اِدھر عدالت نے حمزہ شہباز کو پیش نہ کیے جانے پر حکومت پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات، سی سی پی او لاہور اورایس پی ہیڈ کوارٹر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئےنامزد افراد کو 10 نومبر کو ذاتی حثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔