Friday, May 17, 2024

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بھی بوتل سے باہر نکل آیا

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بھی بوتل سے باہر نکل آیا
April 30, 2019
 سکھر (92 نیوز) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بھی بوتل سے باہر نکل آیا ہے۔ فروٹ ہوں، سبزیاں یا اشیائے خوردنوش ہر چیز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی حکومت کی جانب سے کی جانے والی مہنگائی شہریوں کے سر پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑی ہے۔ سبزیاں ہوں، پھل ہوں یا ہوں اشیاء خوردنوش ہر چیز کی قیمتیں کو تو جیسے پر ہی لگ گئے ہیں۔ سکھر شہر میں رمضان المبارک کے لیئے خریداری کرنے والے شہری روز بروز بڑھتی مہنگائی سے شدید پریشان نظر آرہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس بار رمضان میں کچھ نہیں خرید پائیں گے۔ بابرکت ماہ کی آمد سے چند روز قبل ہی 20 روہے کلو فروخت ہونے والا تربوز 50 روپے، 30 روہے فروخت ہونے والا خربوزہ 100 روپے، 300 روپے کلو والے سیب 500 جبکہ سبزیوں اور اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں بھی 40 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ ذخیرہ اندوز بھی اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے نظر آرہے ہیں جبکہ دوسری جانب بڑھتے نرخوں پر تاجروں کا وہی روایتی جواب ہے کہ انہیں مال پیچھے سے ہی مہنگا مل رہا ہے۔ ایک جانب بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے تو دوسری جانب منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ انتظامیہ رمضان کی آمد سے قبل ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرکے عوام کو تھوڑا بہت ریلیف فراہم کر سکتی ہے۔