Monday, September 16, 2024

رﺅف صدیقی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ‘ وسیم اختر کیلئے بی کلاس سہولتیں منظور

رﺅف صدیقی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ‘ وسیم اختر کیلئے بی کلاس سہولتیں منظور
July 28, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیوایم کے رہنما رو¿ف صدیقی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 3 اگست تک محفوظ کر لیا۔ عدالت نے وسیم اختر کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات دینے کا حکم جاری کر کے ان کی تعلیم اورٹیکس ادائیگی کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں وسیم اختر کو جیل میں بی کلاس سہولیات کی فراہمی اور روف صدیقی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران روف صدیقی کے وکیل نے دلائل دیے کہ روف صدیقی ایک سیاسی جماعت کے رہنما ہیں‘ ان کا تعلق نہ تو کسی دہشت گرد اور نہ کسی کالعدم جماعت سے ہے۔ مقدمے میں صرف یہ ظاہرکیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے اسپتال میں دہشت گردوں کا علاج کروایا گیا۔ مقدمے کے ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ روف صدیقی اور دیگر کیخلاف جھوٹ پر منی مقدمہ بنایا گیا۔ اسپتال کے عملے نے بھی کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام دستاویزات ساتھ لے گئے تھے اور کمپیوٹر کا ڈیٹا بھی ختم کردیا تھا۔ جج نے استفسار کیا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ یہ سیاسی کیس ہے۔ روف صدیقی کے وکیل نے جواب دیا کہ یہ سیاسی کیس ہی ہے۔ جن ٹارگٹ کلرز کے نام لئے گئے وہ کہاں ہیں۔ صرف سیاسی رہنما ہی گرفتار کئے گئے۔ رینجرز کے وکلاءنے دلائل میں کہا کہ مجرموں کیخلاف تمام شواہد موجود ہیں۔ ان دہشت گردوں کیخلاف مقدمات کی تفصیلات بھی پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 3 اگست تک روف صدیقی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے کراچی کے نامزد مئیروسیم اختر کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیا کہ جو ٹیکس نہیں دیتا اسے مراعات لینے کا کوئی حق نہیں۔ وسیم اختر کی جانب سے تعلیمی اور ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے 15 روز میں تفصیلات طلب کرلی گئیں۔ رینجرز کے وکلاءنے اعتراض کیا تھا کہ وسیم اختر نے آخری بار 2012ءمیں ٹیکس ادا کیا جبکہ جیل میں بی کلاس کے حوالے سے درخواست کے ساتھ تعلیمی دستاویزات بھی منسلک نہیں ہیں۔