Wednesday, April 24, 2024

رشید گوڈیل پر حملے کا مرکزی ملزم شاہد بکک بھی انتخابی میدان میں موجود

رشید گوڈیل پر حملے کا مرکزی ملزم شاہد بکک بھی انتخابی میدان میں موجود
December 4, 2015
کراچی(92نیوز)کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں جرائم پیشہ افراد بھی میدان میں آ گئے، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ملزم شاہد بکک  یو سی چوالیس سے چیئرمین کا امیدوار ہے، جورشیدگوڈیل پر حملے کا مرکزی ملزم بھی ہے۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں اندھیر نگری چوپٹ راج سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان بھی بلدیاتی انتخابات  کے امیدوار بن گئے۔ اور حیران کن بات یہ ہے کہ  کسی  کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ذرائع کے مطابق شاہد بکک ممبر قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر حملے کا مرکزی ملزم ہے۔ یو سی 44 سے آزاد امید وار شاہد بکک پر پولیس اہلکاروں کے قتل کا بھی الزام ہے۔ شاہد بکک کی گرفتاری پر انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے ملزم کی دیدہ دلیری دیکھئے کہ پولیس کو مطلوب ملزم کے بینر گلبہار تھانے کے سامنے آویزاں ہیں۔ مگر شاہد بکک کی گلبہار میں زور و شور سے انتخابی مہم جاری ہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ الیکشن مہم چلانے کے باوجود پولیس شاہد بکک کو گرفتار نہیں  کر پا رہی۔