Friday, March 29, 2024

رشی کپور 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

رشی کپور 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
April 30, 2020

ممبئی ( 92 نیوز )عرفان خان کے بعد معروف بھارتی اداکار رشی کپور  بھی کینسر کا شکار ہوکر 67برس کی عمر میں چل بسے ، رشی کپور دوسال سے خون کے کینسر میں مبتلا تھے ، رشی کپور نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کروڑوں مداح بنائے۔

کینسر کے موذی مرض نے اداکار عرفان خان کے بعد  رشی کپور کی بھی جان لے لی  ، بالی ووڈ کے مشہور کپور خاندان کے چشم وچراغ رشی کپور نے اوائل عمری سے ہی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانا شروع کردئیے تھے ، رومانو ی کرداروں سے مشہور ہونے والے رشی کپور نے پانچ دہائیوں پر مشتمل  کیرئیر کے دوران سینکڑوں فلموں میں مختلف کردار نبھاکر خوب شہرت سمیٹی ۔

67سالہ  رشی کپور تقریباً 2 سال تک کینسر سے جنگ لڑتے رہے، انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا ۔رشی کپور علاج کیلئے امریکا بھی گئے تھے،ہر وقت چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھنا رشی کپور کا خاصا تھا،انہوں نے بیماری کا بھی زندہ دلی سے مقابلہ کیا۔

رشی کپور اداکار رنبیر کپور کے والد،کرشمہ کپور اور کرینہ کپور کے چچا تھے۔انہیں اپنے آباؤ اجداد کی طرح پاکستان سے خاص انسیت تھی۔1990میں اپنی فلم حنا کی ہیروئین زیبا بختیار کے انٹرویو کیلئے وہ اپنے بڑے بھائی رندھیر کپور کے ساتھ پشاور آئے جہاں انہوں نے قصہ خوانی بازار میں اپنی آبائی کپور حویلی دیکھی۔

رشی کپور اپنے دبنگ انداز کی وجہ سے جانے جاتے تھے،اپنے خیالات کے اظہارمیں وہ کوئی لگی لپٹی نہیں رکھتے تھے،انکی آخری رسومات ممبئی میں ادا کر دی گئیں ۔

رشی کپور کی موت پر پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔